جموں و کشمیر
عید میلاد النبی ﷺ کی تعطیل میں تضاد پر آغا سید حسن کی حکومت کو کڑی تنقید

عید میلاد النبی ﷺ کی تعطیل میں تضاد پر آغا سید حسن کی حکومت کو کڑی تنقید ٠٥/ستمبر / بڈگام صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے آج مرکزی امام باڑہ بڈگام میں خطبۂ جمعہ کے دوران حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جمعہ کو سرکاری تعطیل قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے، حالانکہ چاند کی شہادتوں کے مطابق یہ بابرکت موقع ہفتہ کو ہے۔ آغا صاحب نے اس فیصلے کو منفی اور غیر حساس رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ عمل ایک مقدس اور برگزیدہ دینی موقع کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسے معاملات میں باریک بینی، درستگی اور حساسیت سے کام لینا چاہیے۔ تعطیل کی تاریخ میں اس قسم کی غلطی نہ صرف عوام میں بے جا الجھن پیدا کرتی ہے بلکہ دینی جذبات کو بھی ٹھیس پہنچاتی ہے۔ انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کی عظمت و حرمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مذہبی مواقع کی تعطیلات کے اعلان میں احترام اور احتیاط لازمی ہے۔ یہ محض ایک انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ مسلمانوں کے سب سے مقدس موقع کے احترام کا سوال ہے۔ صدر انجمن شرعی شیعیان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مستقبل میں معتبر دینی اداروں سے مشاورت کے بعد ہی ایسے فیصلے کرے اور عوام کے مذہبی جذبات کا خاص خیال رکھے۔ آغا صاحب نے مومنین پر بھی زور دیا کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کو اتحاد، عقیدت اور وقار کے ساتھ منائیں اور اس طرح کی کوتاہیوں کو اختلاف کا سبب نہ بننے دیں۔