ادب
ہوتا ہے ہر سال تماشہ میرے آگے

آپ کے سامنے پیش ہے "معصوم والدین" کے لیے وہ شاندار، سائنسی اور مکمل طور پر لوٹنے والا منظر نامہ، جہاں ہر ادارہ آپ کے بچے کو آریہ بھٹ اور ایلون مسک کا مکسچر بنانے کا دعویٰ کر رہا ہے۔ مگر کیسے؟ ذرا ملاحظہ کیجیے!
1. بھارت کا سب سے بڑا آن لائن لُوٹو پلیٹ فارم
فون کی گھنٹی "ہم بھارت کے مشہور آن لائن ایجوکیشن پلیٹ فارم ہوائی قلعے ڈاٹ کام سے بول رہے ہیں۔
سر، آپ کے لخت جگر کی پڑھائی کے حوالے سے ہم انتہائی فکر مند ہیں (کیونکہ آپ کا کریڈٹ کارڈ ابھی تک ہمارے پاس نہیں پہنچا)۔ تعلیم سے وابستہ ماہرین کی ہماری ٹیم (جو سب گزشتہ ہفتے ہی گریجوئیٹ ہوئے ہیں) مستقبل کے نامعلوم تقاضوں کے مطابق آپ کے ہونہار بچے کی ذہن سازی میں پورا کردار ادا کرے گی۔
ہمارے پاس لا محدود وسائل ہیں (فوٹو شاپ پر)، مگر نشستیں محدود ہیں۔ تعلیمی مواد سیدھا یورپی ماہرین کے ٹرانسلیٹ کیے ہوئے گوگل ڈاکومنٹس سے آتا ہے۔
بڑی خوشی سے ایک نشست آپ کے بچے کے لیے محفوظ ہے! پڑھائی آن لائن ہوگی (جس کا مطلب ہے سکرین ٹائم)، کنسیپٹ کلئیر کیا جائے گا، اور ایک عدد ٹیب آپ کو مفت فراہم ہوگا (جس کی قیمت فیس میں شامل ہے)۔
ماہانہ فیس صرف پانچ ہزار روپیہ، اور کورس دو سال کا۔ پیشگی فیس جمع کرنے پر پانچ فیصدی رعایت ، یعنی ہم آپ کو رشوت دے رہے ہیں کہ آپ جلدی لُٹ جائیں۔ سوچنے کیلیے کوئی مہلت نہیں! آئیے، جتنا جلدی ہو سکے اپنی نشست پائیں۔ (اور اپنا بینک اکاؤنٹ خالی کرائیں)
2. شائننگ اسٹار کوچنگ: رٹو طوطے بنانے کی فیکٹری
والدین "جناب، ہمارا لخت جگر نویں جماعت کا طالب علم ہے، آپ کے کوچنگ سینٹر میں داخلہ کی شرائط کیا ہیں؟
کوچنگ سینٹر: "جی سر، ہمیں آپ کے بچے کو داخلہ دیتے ہوئے بڑی خوشی ہوگی (یہی ہماری روزی ہے)۔ یہاں نصابی سرگرمیوں پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے (یعنی بچے کو انسان نہیں مشین بنایا جاتا ہے)۔
ہمارے پاس ہے: انگلش اسپیکنگ کا خصوصی کورس (جس میں وہ صرف Good morning, Sir کہنا سیکھے گا)۔ میتھمیٹکس، فزکس، بائیولوجی اور کیمسٹری کے لیکچرز ماہرین کی زبانی (جو خود دو سال پہلے انہی لیکچرز کو رٹ کر پاس ہوئے تھے)۔
صبح 6 بجے آنا ہوگا، ناشتہ سے بھی بہت پہلے (تاکہ بچے کو معلوم ہو کہ زندگی میں آرام نام کی کوئی چیز نہیں)۔ ہفتہ وار ٹیسٹ ہوں گے، اور سارے مضامین طوطے کی طرح رٹائے جائیں گے۔
فی پیپر فیس تین ہزار روپے، چالیس ہزار میں سیلیبس مکمل۔ بچہ آپ کا، ضمانت ہماری! (اگر رٹ کر پاس نہ ہوا تو اگلے سال پھر فیس دیں)"
3. سینٹ میری۔۔۔۔۔۔۔ اسکول: انگریز بنانے کا ٹھیکہ
وادی کا پہلا سائنٹفک اسکول۔ برٹش مشن کے تحت آکسفرڈ لہجے کا انگریزی انسٹچیوٹ۔ اٹھنا بیٹھنا سب انگریزی، اور ہاں، بریک فاسٹ، لنچ اور برتھ ڈے کیک پکانے والی میم برطانیہ سے بطور خاص تشریف لائی ہے (تاکہ ثابت ہو سکے کہ ہماری دیسی میمز کسی کام کی نہیں)۔
آپ کے بچے کو بالکل انگریز بنانے والا انسٹچیوٹ۔
ماہانہ فیس صرف پندرہ ہزار روپے، کتابوں کی قیمت بیس ہزار، یونیفارم چار سیٹ مانٹی کارلو (کیونکہ بچے یونیفارم نہیں، برانڈ پہنتے ہیں)۔ اور ہاں، ڈونیشن صرف دولاکھ (جس کا حساب کوئی نہیں لے گا)۔ بس فیس سالانہ تیس ہزار۔
عام آدمی پریشان ہے کہ وہ کدھر جائے... چاروں طرف بلند بانگ دعوے، اور بیچ میں وہ معصوم بچہ جو صرف سکون سے پڑھنا چاہتا ہے، مگر وہ کسی کو نہیں چاہیے!
حالسیڈار ویریناگ
7006146071