جموں و کشمیر
سیرہ کم ٹیلنٹ ٹیسٹ 2025 کی انعاماتی تقریب کا کامیاب انعقاد

کپواڑہ / وزڈم ونگز ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نے بک ریڈرز کلب کے اشتراک سے 14 ستمبر 2025 کو گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کرالپورہ میں سیرہ کم ٹیلنٹ ٹیسٹ 2025 کی انعاماتی تقریب کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت خصوصی سکریٹری برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی جناب عبد الحفیظ مسعودی صاحب نے کی۔ اس موقع پر ممتاز مہمان مقررین نے شرکت کی جن میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ بائیو ریسورسز یونیورسٹی آف کشمیر جناب ڈاکٹر منظور احمد میر صاحب، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اسلامک اسٹڈیز امر سنگھ کالج سری نگر پروفیسر محمد اقبال ملک صاحب، مقامی اسلامی اسکالر ارشاد اشرف میر صاحب، معروف ریسرچ اسکالر ہلال احمد تانترے صاحب، نائب تحصیلدار کرالپورہ جناب شوکت احمد، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول وارسن عبد المجید پائر صاحب، انچارج پرنسپل بوائز ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کرالپورہ جناب محمد اشرف، علاقے کی معروف شخصیت فاروق احمد وانی صاحب اور بالخصوص عبد الحفیظ مسعودی صاحب قابل ذکر ہیں۔ اس دوران مقررین نے اجتماعی طور پر کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں سیرت رسولؐ کی عظیم اقدار کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پیرزادہ شبیر احمد کرمانی صاحب نے تحریک نظامت اور افتتاحی کلمات پیش کیے اور محترم ارشد صدیق صاحب کو نظامت کے لیے مدعو کیا۔ بعد میں محترم ارشد صدیق صاحب نے کارروائی کو فصاحت اور بلاغت سے پیش کیا۔ تقریب کو پُر فضا اور روحانی ماحول سے آراستہ کیا گیا۔ آغاز میں طاہر نبی لون صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی اور پیر عادل حمید صاحب نے بصیرت انگیز ترجمہ پیش کیا۔ جواں سال عرفان امین پیر صاحب نے نعت خوانی کی۔ پیر عادل حمید نے بک ریڈرز کلب اور وزڈم ونگز ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کا تعارف بھی پیش کیا۔ پیرزادہ جاوید اقبال صاحب نے کلمات تشکر بیان کیے جبکہ پیرزادہ شبیر احمد کرمانی نے اختتامی دعا کی۔ تقریب کی کارروائی کو میڈیا سے وابستہ معزز شخصیت پیر اظہر الدین حق نے ریکارڈ کیا تاکہ یادگار لمحات کو درست انداز میں محفوظ کیا جا سکے۔ تقریب کی اہم شق انعامات اور اسناد کی تقسیم تھی۔ پہلی تین امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات، اسناد اور کتب پیش کی گئیں۔ ٹیسٹ کے نگران اور بک ریڈرز کلب و وزڈم ونگز ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے رضاکاران کو بھی اسناد تحسین سے نوازا گیا جن میں پیرزادہ شبیر احمد کرمانی، فاروق احمد عثمانی، پیرزادہ جاوید اقبال، میر ارشد صدیق، طحی یاسین بھٹ، شوکت احمد لون، پیر عادل حمید، عرفان امین پیر، پیر بلال احمد، معراج احمد اور طاہر نبی لون شامل ہیں۔ معزز مہمانان کو مومنٹوز بھی پیش کیے گئے۔ باوقار تقریب دوپہر 2:00 بجے شروع ہوئی اور شام 5:30 بجے پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ بچوں میں کتب بینی کا رجحان بڑھانے کے لیے آڈیٹوریم کے باہر کتابوں کی نمائش کا خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا تھا۔ وزڈم ونگز ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اور بک ریڈرز کلب تمام شرکاء، والدین، معزز مہمانوں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی شمولیت نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔